Friday, 28 January 2011

’فیس بک کی سکیورٹی کمزور‘



ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بُک کو اپنی سکیورٹی سیٹِنگز کو ایپل کے ایپ سٹورکے معیار کا کر لینا چاہیے۔

سکیورٹی کی کمپنی ’سوفوز‘ کا کہنا ہے کہ فیس بک پر درخواستوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس میں سکیورٹی ناقص ہے۔

سوفوز نے یہ بات اپنی انٹرنیٹ سکیورٹی پر رپورٹ ’تھریٹ رپورٹ 2011‘ میں کہی ہے۔ اس کی تجویز ہے کہ فیس بک کو اس معیار کی سکیورٹی استعمال کرنی چاہیے جیسے ایپل کا ایپ سٹور استعمال کرتا ہے۔ ایپل ہر اس پروگرام کی چھان بین اور سکیورٹی چیکنگ کرتا ہے جو اسے ایپ سٹور پر دستیاب ہے۔

تاہم فیس بک نے اس تنقید کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی تحقیق کے مطابق صورتحال بالکل اس کے بر عکس ہے اور اصل میں اس نے اپنے صارفین کی مکمل تحفط کے لیے اقدامات کیے ہوئے ہیں۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ ’ہماری ایک خصوصی ٹیم موجود ہے جو اس کو دیکھتی ہے اور سب سے بڑے خطرات کا جائزہ لیتی ہے۔‘

تاہم سوفوز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ فیس بک اس وقت انٹر نیٹ فراڈ کرنے والوں کا سب سے بڑا نشانہ ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ فیس بک اتنی مقبول سائٹ ہے لیکن اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ فیس بک کسی بھی شخص کو اپلیکیشن، گیمز اور جائزے بنانے کی اجازت دے دیتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے فیس بک کو تو فائدہ ہوتا ہے لیکن صارفین کے لیے یوں خطرناک ہے کہ لوگ اکثر دھوکے میں آ سکتے ہیں اور ہیکرز صارفین کی تمام خفیہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیس بک کو ذمہ داری لے کر اپنی سائٹ پر دستیابی سے پہلے ان ایپس کی چھان بین کرنی چاہیے۔

No comments:

Post a Comment